✍️ مفتی محمد عامر عثمانی ملی
(امام وخطیب مسجد کوہ نور )
قارئین کرام ! سوشل میڈیا کا مقبول ترین app واٹس اپ اب عموماً لوگوں کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب اس کو hack کرکے لوگوں کی پرائیویسی میں جھانکنے جیسے سنگین جرم کا ارتکاب بڑھتا جارہا ہے۔
گذشتہ تین چار سالوں سے واٹس اپ نمبر ہیک ہونے کی شکایت عام ہونے لگی، الگ الگ طریقوں سے واٹس اپ یا موبائل ہیک ہونے کے معاملات سامنے آرہے ہیں، فی الحال ایک ایپ کے ساتھ چند فحش تصویریں کسی بھی گروپ میں کسی کے بھی نمبر سے آرہی ہیں۔
گلابی واٹس اپ Pink whatsapp کی لنک بھی آئے دن گروپ میں آتی رہتی ہے، جس کے بارے میں یہ لکھا ہوتا ہے کہ اس سے آپ کے واٹس اپ کا رنگ تبدیل ہوجائے گا، اس سے بھی واٹس اپ یا موبائل ہیک ہوجائے گا، لہٰذا اس لنک کو بھی ہرگز کلک نہ کریں۔
بچے موبائل میں گیم کھیلتے ہوئے درمیان میں اشتہار میں آنے والے گیم یا ایپ ڈاؤنلوڈ کرلیتے ہیں، اس طرح کے ایپ بھی آپ کے موبائل hack ہونے کا سبب بن سکتے ہیں۔ لہٰذا اس پر بھی نظر رکھتے رہیں، اور انجانے ایپ کو فوری طور پر ڈیلیٹ کردیں۔
اگر آپ کو کسی گروپ میں ایسی فحش اور گندی تصویریں دکھائی دے اور اس کے ساتھ کوئی ایپ ہوتو آپ ہرگز اسے ڈاؤن لوڈ نہ کریں، اس لیے کہ یہی آپ کے واٹس اپ کے ہیک ہونے کا سبب بنے گا، اور آپ کے واٹس اپ نمبر کی ڈی پی بھی تبدیل ہوجائے گی اور اس پر ایک برہنہ لڑکی کی تصویر ہوگی، اور آپ کے نمبر سے دوسرے گروپ میں یہ تصویریں اور ایپ شیئر ہوجائے گا، جس سے آپ کو بہت زیادہ شرمندگی اٹھانا پڑے گی۔
اللہ نہ کرے کہ ہم میں سے کسی کے ساتھ یہ حادثہ پیش آئے، لیکن اگر کسی کے ساتھ ایسا ہوجائے تو فوراً واٹس اپ ڈیلیٹ کرکے دوبارہ اپنے نمبر کو لاگ ان کریں تو ان شاءاللہ واٹس اپ ہیک ختم ہوجائے گا۔ اور زیادہ بہتر یہ ہے کہ واٹس اپ درست ہوجانے کے باوجود اپنا موبائل ایک مرتبہ reset کرلیں۔
جس گروپ میں اس طرح کی چیزیں شیئر ہوں، ایڈمن حضرات فوری طور پر یہ مواد ڈیلیٹ کردیں جس نمبر سے شیئر ہوئی ہے اس کو ریمو کردیں تاکہ دوسرے اس سے متاثر نہ ہوں، پھر جب اس بندے کا ہیک ختم ہوجائے تو دوبارہ ایڈ کرلیں۔
اللہ تعالیٰ ان فتنوں سے ہم سب کی حفاظت فرمائے اور ہم سب کو موبائل کا صحیح اور مفید استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
ماشاء اللہ بہت ہی کارآمد معلومات ہے
جواب دیںحذف کریں