اتوار، 19 جنوری، 2025

سنگین فتنہ پر شہریان کی کاری ضرب

     ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی

✍️ مفتی محمد عامر عثمانی ملی 
      (امام وخطیب مسجد کوہ نور )

قارئین کرام ! دو دن پہلے بروز جمعرات 16 جنوری کو ہم نے میوزک اور گانوں پر ویڈیوز بناکر اسے سوشل میڈیا پر ڈالنے والے نوجوان لڑکوں، لڑکیوں اور بچوں کو تنبیہ کرنے والا ایک مضمون قرآن وحدیث کی روشنی میں لکھا تھا۔ جس میں ہم نے کسی مخصوص فرد کا نام نہیں لیا، نہ ہی کسی فرد واحد کو نشانہ بنایا اور نہ ان شاءاللہ بنائیں گے، بلکہ ہم نے مجموعی طور پر ان تمام لوگوں کو خیرخواہانہ انداز میں شریعت کا حکم بتانے کی کوشش کی تھی جو سوشل میڈیا پر خود گانے بناکر گاتے ہیں، یا دوسروں کے گانے گاتے ہیں، ناچتے ہیں، یہاں تک کہ مرد ہوکر عورتوں کی طرح ناچتے ہیں، چند لڑکیاں برقعے میں ہی صحیح اپنے آپ کی نمائش کرتی ہیں۔ اس لیے کسی ایک کو نشانہ بنانے کے بجائے سب پر حکمت اور مصلحت کے ساتھ محنت کی جائے اور سب کی اصلاح کی کوشش کی جائے۔

معزز قارئین ! ہمارا مضمون الحمدللہ ہزاروں کی تعداد میں پڑھا گیا، ضیاء الرحمن مسکان (گمشدہ بچوں کی تلاش) اور ان کے رفقاء نے اسے خصوصی طور پر شیئر کیا، اور سب نے اسے سنجیدگی سے لیا اور گویا سوشل میڈیا پر ایک مہم چھیڑ دی گئی کہ سوشل میڈیا بالخصوص youtube اور Instagram پر شہر کے بچے بچیاں جو کچھ غلط سلط کام کررہے ہیں اس پر فوری طور پر روک لگے۔ اس کو دیکھ کر تو اقبال کا یہی شعر یاد آتا ہے کہ :

نہیں ہے ناامید اقبالؔ اپنی کشت ویراں سے
ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی 

یعنی ایسے ناگفتہ بہ حالات میں بھی شہریان کی ایک بہت بڑی تعداد سنجیدہ اور دینی فکر رکھنے والی ہے اور وقت پڑنے پر دینی حمیت اور غیرت کا ثبوت دینے والی ہے۔  جو ہمارے لیے بڑے حوصلے کی بات ہے۔

عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتی ہے ان کو اپنی منزل آسمانوں میں

محترم قارئین ! سوشل میڈیا پر بائیکاٹ کرنا کتنا مفید یا نقصان دہ ہے؟ اس سے قطع نظر اطلاعات ہیں کہ اس طرح کے کئی اکاؤنٹ بین ہوگئے ہیں یا خود سے بند کردئیے ہیں، اگر خود سے بند کیے گئے ہیں اور توبہ و استغفار کرکے آئندہ اس سے دور رہنے کا ارادہ کرلیا گیا ہے تو بڑی خوشی کی بات ہے۔ ہم ان کے لیے دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں استقامت عطا فرمائے اور تاحیات انہیں عفت وپاکدامنی کے ساتھ رہنے اور ہر طرح کی برائیوں سے دور رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

بقیہ افراد کو بھی ہم پھر یہی دعوت دیں گے کہ فوراً یہ تمام ناجائز کام بند کردیں اور اپنے اکاؤنٹ سے یہ ساری reels ڈیلیٹ کردیں اور ندامت وشرمندگی کے ساتھ توبہ و استغفار کرکے اپنی تعلیم اور روزگار پر محنت کریں کہ اسی سے آپ کی دنیا وآخرت کامیاب ہوگی۔ ان شاءاللہ 

اسی طرح اس بات کو بھی اچھی طرح سمجھ لیا جائے کہ ناجائز contents یعنی گانے، میوزک، رقص اور عورتوں کی تصاویر اور ویڈیوز پر مشتمل چینل اور آئی ڈیز کو فالو اور سبکرائب کرنا بھی جائز نہیں ہے، اس لیے کہ اس سے ان لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور انہیں تقویت پہنچتی ہے۔ لہٰذا فوری طور پر ایسے چینلس اور آئی ڈیز کو ان فالو اور ان سبکرائب بلکہ رپورٹ بھی کردیا جائے تاکہ ان برائیوں پر کسی نہ کسی درجہ میں قدغن لگے۔ 

اللہ تعالیٰ ہم سب کی تمام برائیوں سے حفاظت فرمائے اور ہمیں ایمان کے پہلے درجہ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین 

7 تبصرے:

  1. اللہ تعالیٰ آپ کے علم میں اضافہ فرمائے اور ہم سب کو عمل کرنے کی ہدایت دے۔آمین

    جواب دیںحذف کریں
  2. Aap isi tarha har topic par likha kijye inshaallah hamara shaher sudhar sakta hai

    جواب دیںحذف کریں
  3. السلام علیکم مالیگاؤں میں ایک فتنه اور بڑی تیزی سے پھیل چکا ہے ٫ وہ ہے رکشا میں بڑی تیزی سے گانے بجانا نوجوان لڑکیاں بیھٹی ہے اور رکشا میں زومعنی گانے بجائے جارہے ہیں کوئی بولنے والا نہیں

    جواب دیںحذف کریں
  4. الحمد للہ کچھ خار کم ہوئے امید ہے اللہ اس چمن کو شاد آباد رکھے اور آپ جیسے (علماء) مالیوں کی چمن بندیوں کو اسی طرح ثمر خیز بنائے اور ہر ایک کی اصلاحی کاوشات کو قبول فرمائے آمین🌹🌹🌹

    جواب دیںحذف کریں