خدارا اسے روک لیجئے
✍️ مفتی محمد عامر عثمانی ملی
(امام وخطیب مسجد کوہ نور )
قارئین کرام ! شہر عزیز مالیگاؤں اپنی نیک نامی میں دور دور تک مشہور ہے۔ جس میں عفت مآب خواتینِ اسلام کا اسلامی پردہ بھی اہم سبب ہے۔ لیکن وقفہ وقفہ سے بے پردگی، بے حیائی اور شریعت کی دھجیاں اڑا دینے والے واقعات شہرِعزیز کی نیک نامی اور اس کی مذہبی شناخت پر سوالیہ نشان لگانے کا کام کررہے ہیں۔ موبائل، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے دور میں ایک سنگین فتنہ بڑی تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔ وہ فتنہ یہ ہے کہ شہر کے نوجوان لڑکوں کے ساتھ بچے اور بڑی تعداد میں لڑکیاں بھی ویڈیوز بناکر youtube, instagram وغیرہ پر اپلوڈ کررہی ہیں۔
بعض بچے اور بچیاں اپنے اسکول کی ویڈیوز اپلوڈ کررہی ہیں جس میں لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں کی بھی تصویریں آجاتی ہیں۔
کچھ لڑکے اور لڑکیاں فیک اکاؤنٹ سے یہاں وہاں اور اِس کے اُس کے گھر کی ویڈیو اپلوڈ کرکے پوچھتے ہیں کہ یہ کہاں ہے؟ اور کمنٹ باکس میں سینکڑوں لوگ اس کا جواب بھی دیتے ہیں۔ جس سے معلوم ہوتا ہے کہ نوجوانوں کا ایک بہت بڑا طبقہ دینی اور دنیاوی تعلیم سے دور خرافات، منکرات اور فضولیات میں اپنے سونے سے زیادہ قیمتی وقت ضائع کررہا ہے۔
بعض لڑکیاں بلکہ شادی شدہ خواتین vlog بنارہی ہیں، کبھی گاندھی مارکیٹ تو کبھی انجمن چوک اور کبھی قدوائی روڈ کے علاوہ دیگر علاقوں کی ویڈیوز سوشل سائٹس پر اپلوڈ کی جارہی ہے جس میں دیگر خواتین کی تصویریں بھی آجاتی ہیں۔
کچھ نوجوان خود گانے بناکر یا دوسرے گانوں پر اپنے کارخانوں، دوکانوں، سڑکوں اور فارم ہاؤس میں ناچ رہے ہیں اور شان سے اس کی ویڈیو اپلوڈ کی جارہی ہے اور اسے creativity کا نام دیا جارہا ہے۔
کچھ دن پہلے ایک چھوٹی سی غیرمسلم بچی کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو مسلم علاقوں میں زوروں سے ناچ رہی تھی، ہم نے اس پر کمنٹ کیا تھا کہ جہاں یہ بچی اس طرح کی حرکت کرتی ہوئی دکھائی دے وہاں کے لوگ اسے فوراً اچھے انداز میں منع کردیں کہ آپ کہیں اور جاکر اپنا ٹیلنٹ دکھائیں ہمارے گھر اور دوکان کے سامنے براہ کرم کوئی نحوست نہ پھیلائیں۔
ایک لڑکی Instagram پر کافی وائرل ہے۔ اور اس کی ہمت یہاں تک بڑھ گئی ہے کہ اب وہ براہ راست لڑکوں کے ساتھ ویڈیو بنا رہی ہے، ابھی اس نے اپنے ایک لاکھ فالورس کا جشن instagram پر مشہور لڑکوں کے ساتھ کیک کاٹ کر منایا ہے۔
ان تمام ویڈیوز میں میوزک اور گانے لازمی شامل ہوتے ہیں، جن کا سننا اور سنانا اور اسے دوسروں کے سننے کا ذریعہ بننا سب ناجائز اور حرام ہے۔ اس پر دنیا وآخرت میں سخت عذاب کی وعیدیں سنائی گئی ہیں۔
حضرت علی سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہ ﷺنے فرمایا : جب میری اُمت پندرہ کام کرنے لگے گی تو اس پر مصائب ٹوٹ پڑیں گے۔ صحابہ نے پوچھا کہ اے اللہ کے رسول ﷺ! وہ کون سے کام ہیں؟ آپﷺنے فرمایا : جب مالِ غنیمت تمام حق داروں کو نہیں ملے گا، امانتیں ہڑپ کرلی جائیں گی، زکوٰة تاوان سمجھی جائے گی، خاوند بیوی کا فرمانبردار ہوگا، بیٹا ماں کی نافرمانی کرے گا، اپنے دوست سے نیک سلوک اور باپ سے جفا سے پیش آئے گا، مسجدوں میں لوگ زور زور سے بولیں گے، انتہائی کمینہ ذلیل شخص قوم کا سربراہ ہوگا، کسی آدمی کی شر سے بچنے کے لئے اس کی عزت کی جائے گی، شراب نوشی عام ہوگی، ریشم پہنا جائے گا، گانے والی عورتیں عام ہوجائیں گی، ساز باجوں کی کثرت ہوگی اور آنے والے لوگ پہلے لوگوں پر طعن کریں گے۔ (ترمذی)
حضرت انس بن مالک فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جو شخص کسی گلو کارہ کی مجلس میں بیٹھا اور اس نے گانا سنا، قیامت کے روز اس کے کان میں سیسہ پگھلا کر ڈالا جائے گا۔ (قرطبی)
عمران بن حصین سے روایت ہے کہ رسول ﷺنے فرمایا : اس امت میں زمین میں دھنسا نا، صورتیں بدلنا اور پتھروں کی بارش جیسا عذاب ہوگا تو مسلمانوں میں سے ایک مرد نے کہا : اے اللہ کے رسول ﷺ! یہ کیسے ہوگا؟ تو آپ نے فرمایا : جب گانے والیاں اور باجے گاجے ظاہر ہوں گے اور شرابیں پی جائیں گی۔ (ترمذی)
ایسے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی ویڈیوز پر جتنے زیادہ وویوز ہوں گے اتنے ہی زیادہ ہی یہ لوگ کامیاب ہوں گے۔ جب کہ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جتنے زیادہ لوگ آپ کے اپلوڈ کیے ہوئے ویڈیو دیکھیں گے، گانے اور میوزک سنیں گے، سب کا گناہ آپ کو بھی ملے گا، یعنی ان کے گناہ کا میٹر مسلسل جاری رہے گا۔ یہاں تک کہ ان کے مرنے کے بعد بھی یہ گناہ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گویا دنیا کے انتہائی معمولی فائدے اور چند لوگوں کی واہ واہی حاصل کرنے کے لیے یہ لوگ اپنی عظیم الشان اور ہمیشہ رہنے والی آخرت مکمل طور پر تباہ وبرباد کرنے کا پورا سامان کررہے ہیں۔
حیرت ان کے گھر والوں پر بھی ہوتی ہے کہ وہ یہ سب دیکھ کر بھی خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں یا پھر خود انہیں شہہ دیتے ہیں، ان کی بہن، بیٹی اور بیوی پر نازیبا اور فحش تبصرے کیے جاتے ہیں، اور ان پر دیوثیت چھائی ہوتی ہے۔ حدیث شریف میں ایسے شخص کو دیوث کہا گیا ہے جو اپنے گھر کی عورتوں کو بے حیائی میں مبتلا دیکھے اور انہیں نہ روکے، ایسے شخص پر جنت حرام قرار دی گئی ہے۔
اور ہم بھی حتی الامکان ان ساری برائیوں کو روکنے کی کوشش اپنی تحریروں اور تقریروں وغیرہ کے ذریعے کرتے رہیں گے خواہ کسی کو اچھا لگے یا برا۔
اخیر میں ان تمام reels بنانے والوں سے ہماری مخلصانہ ،عاجزانہ اور مؤدبانہ درخواست ہے کہ پہلی فرصت میں یہ تمام ناجائز کام بند کردیں اور اپنے اکاؤنٹ سے یہ ساری reels ڈیلیٹ کردیں اور توبہ و استغفار کرکے جائز اور حلال کاموں میں اپنی صلاحیتوں کو لگائیں، جہاں آپ کو حلال روزی کے ساتھ دنیا وآخرت کا سکون بھی ضرور ملے گا۔ ان شاءاللہ
اسی طرح اس مضمون کو پڑھنے والے بھی اسے اپنی حد تک نہ رکھیں، بلکہ ایسے لوگوں کو بھی بھیجیں جو اس کام میں ملوث ہیں، یا زبانی طور پر بھی ایسے لوگوں سے ملاقات کرکے سمجھائیں، تب ہی ہم امر بالمعروف اور نہی عن المنكر جیسے اہم فریضے کے ادا کرنے والے شمار ہوں گے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو ہر طرح کے منکرات سے بچنے اور اس کو حتی الامکان روکنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
بالکل صحیح بات ہے ۔۔۔ بس اللّٰہ رحم کرے۔۔ آپ نے ایک اچھی کوشش کی ہے ۔ اللّٰہ آپ کے ذریعہ ان سب ماؤں بہنوں کو صحیح سمجھ عطا فرمائے ۔۔۔آمین ۔۔ہم سب کی ہماری فیملی کی اور سب مسلمانوں کی اس سے حفاظت عطا فرمائے۔۔آمین
جواب دیںحذف کریںآمین ثم آمین یا رب العالمین
حذف کریںماشاءاللہ ؛ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ
جواب دیںحذف کریںKamran hassan
حذف کریںMasha allah
حذف کریںماشاء اللہ
جواب دیںحذف کریںجزاکم اللہ خیرا و احسن الجزاء
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
جواب دیںحذف کریںVlog اس کا مطلب bracket میں لکھ دینا تھا مفتی صاحب دس لوگوں سے پوچھنے پر بھی کوئی بتا نہیں پا رہا ہے مالیگاوں میں کم پڑھے لکھے لوگ ہے
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
حذف کریںVlog اسم
ایک ذاتی ویب سائٹ یا سوشل میڈیا اکاؤنٹ جہاں ایک شخص باقاعدگی سے مختصر ویڈیوز پوسٹ کرتا ہے۔
جزاک اللہ خیرا کثیرا
جواب دیںحذف کریںماشاءاللہ جزاک اللہ خیر
جواب دیںحذف کریںانکو منع کرینگے تو زیادہ تر ماننے والے نہیں ہیں۔ صرف انکو یہ بتانا پڑیگا کہ ریلس بنانا ہی ہے تو شریعت کی حدود کے اندر رہ کر ہی اصلاحی ویڈیو بنائیں۔ جسمیں شرک بدعت موسیقی اور اس طرح کی خرافات نا ہوں۔
جواب دیںحذف کریںجزاک اللہ خیرا کثیرا مفتی صاحب ❤️
جواب دیںحذف کریںAchcha message hai
جواب دیںحذف کریںموجودہ وقت کے حساب سےبہت بہترین تحریر ہے۔
جواب دیںحذف کریںاللہ آپ کی کوشش کو قبول کریں اور اللہ تمام ماؤں اور بہنوں کو نیک سمجھ عطا فرمائیں۔ والدین کو زیادہ خیال رکھنا چاہیے اس بات کا پوچھ ہوگی ان سے اللہ کو جواب دینا ہے اللہ ہم سب کو حق پر چلنے کی توفیق دیں
جواب دیںحذف کریں