سوال :
محترم مفتی صاحب ! مصیبت، پریشانی، بے چینی اور قرض کی ادائیگی کے لئے احادیث میں جو دعائیں آئی ہیں، براہ کرم عنایت فرمائیں اور عنداللہ ماجور ہوں۔
(المستفتی : محمد مزمل، مالیگاؤں)
--------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : مصیبت، پریشانی، گھبراہٹ اور قرض کی ادائیگی کے لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیم کردہ چند مسنون دعائیں اور اذکار ذیل میں نقل کیے جارہے ہیں :
مصیبت اور غم کے وقت اس کو بطور وظیفہ پڑھا جائے۔
يَا حَيُّ يَا قَيُّوْمُ بِرَحْمَتِكَ أَسْتَغِيْثُ
ترجمہ: اے حی و قیوم! بس تیری رحمت سے مدد چاہتا ہوں۔ (ترمذی)
جب کوئی پریشانی یا بے چینی ہوتو یہ دعا پڑھیں۔
اَللّٰهُمَّ رَحْمَتَكَ أَرْجُوْ فَلَا تَكِلْنِيْ إِلٰى نَفْسِيْ طَرْفَةَ عَيْنٍ وَّأَصْلِحْ لِيْ شَأْنِيْ كُلَّهٗ لَا إِلٰهَ إِلَّا أَنْتَ
ترجمہ: اے اللہ! میں تیری رحمت کی امید کرتا ہوں تو مجھے پل بھر بھی میرے سپرد نہ کر، اور میرا سارا حال درست کردے، تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔ (ابوداؤد)
جب دشمنوں کا خوف ہوتو یہ دعا پڑھیں۔
اَللّٰهُمَّ اِنَّا نَجْعَلُكَ فِيْ نُحُوْرِ ھِمْ وَنَعُوْذُبِكَ مِنْ شُرُوْرِ ھِمْ
ترجمہ : اے اللہ! ہم تجھے ان (دشمنوں)کے سینوں میں (تصرف کرنے والا) بناتے ہیں، اور ان کی شرارتوں سے تیری پناہ چاہتے ہیں۔ (ابوداؤد)
مصیبت اور غم کے وقت اس کو سات بار پڑھیں۔
اللّٰهُ اللّٰهُ رَبِّيْ لَا أُشْرِكُ بِهٖ شَيْئًا
ترجمہ : اللہ، اللہ ہی میرا رب ہے، میں اس کے ساتھ کسی کو شریک نہیں ٹھہراتا۔ (نسائی)
جب کوئی مصیبت پہنچے (اگرچہ کانٹا ہی لگ جائے) تو یہ پڑھے
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُوْنَ، اَللّٰهُمَّ اٰجِرْنِيْ فِيْ مُصِيْبَتِيْ، وَاخْلُفْ لِيْ خَيْرًا مِّنْهَا
ترجمہ: بے شک ہم اللہ ہی کے لئے ہیں، اور ہم اللہ ہی کی طرف لوٹنے والے ہیں، اے اللہ! میری مصیبت میں مجھے اجر دے، اور اس کے بدلے میں مجھے اس سے اچھا بدل عنایت فرما۔ (مسلم)
شدید غم اور پریشانی اور قرض کی ادائیگی کے لیے اس کو بطور وظیفہ پڑھے :
اَللّٰهُمَّ فَارِجَ الْهَمِّ كَاشِفَ الْغَمِّ مُجِيْبَ دَعْوَةِ الْمُضْطَرِّينَ رَحْمَانَ الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ وَرَحِيْمَهُمَا أَنْتَ تَرْحَمُنِيْ فَارْحَمْنِيْ بِرَحْمَةٍ تُغْنِيْنِيْ بِهَا عَنْ رَحْمَةِ مَنْ سِوَاكَ
ترجمہ: اے اللہ! دور کرنے والا رنج اور غم کو، اور قبول کرنے والا بے قراروں کی دعاؤں کو، دنیا و آخرت میں رحم کرنے والا، اور دونوں جہاں میں خصوصی رحمت کرنے والا! تو ہمارے اوپر رحم کرنے والا ہے پس تو رحم فرما، میرے اوپر ایسی رحمت کر جو دوسرے سے بے نیاز اور بے پرواہ کردے مجھ کو۔
یہ دعا حضرت عیسی علیہ السلام اپنے اصحاب کو سکھایا کرتے تھے، اور کسی پر پہاڑ کے برابر سونا بھی قرض ہوگا تو اس کے پڑھنے کی برکت سے ادا ہوجا ئے گا۔ (مستدرک علی الصحیحین)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
20 رجب المرجب 1445
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں