جمعہ، 3 نومبر، 2023

ابلیس جنات میں سے ہے یا فرشتوں میں سے؟


سوال :

مفتی صاحب ! عرض یہ ہے کہ ابلیس جنوں میں سے ہے یا مقرب فرشتہ تھا؟ کیونکہ جب اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کو آدم علیہ السلام کو سجدہ کرنے کے لیے کہا تھا۔ اگر ابلیس جن ہے تو سجدہ کا حکم تو فرشتوں کو ہوا۔ یہ کنفیوژن کو دور کریں۔
(المستفتی : آصف اقبال، مالیگاؤں)
--------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : فرشتوں کو مخاطب کرکے اس وقت موجود تمام جانداروں کو حکم ہوا تھا کہ حضرت آدم علیہ السلام کو سجدہ کیا جائے، جس میں بلاشبہ جنات بھی شامل تھے، اور بلاشبہ ابلیس جنات میں سے تھا جیسا کہ قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے : وَإِذْ قُلْنَا لِلْمَلَائِكَةِ اسْجُدُوا لِآدَمَ فَسَجَدُوا إِلَّا إِبْلِيسَ كَانَ مِنَ الْجِنِّ فَفَسَقَ عَنْ أَمْرِ رَبِّهِ۔
ترجمہ : اور وہ وقت یاد کرو جب ہم نے فرشتوں سے کہا تھا کہ آدم کے آگے سجدہ کرو۔ چنانچہ سب نے سجدہ کیا، سوائے ابلیس کے، وہ جنات میں سے تھا، چنانچہ اس نے اپنے رب کے حکم کی نافرمانی کی۔

مفتی شفیع صاحب رحمہ اللہ نے ایسے ہی اشکال کے جواب میں لکھا ہے :
سورۃ اعراف میں ابلیس کو خطاب کرکے ارشاد فرمایا ہے : مَا مَنَعَكَ أَلَّا تَسْجُدَ إِذْ أَمَرْتُكَ، ترجمہ : جب میں نے تجھ کو حکم دیا تو کس چیز نے تجھے سجدہ کرنے سے باز رکھا؟
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ سجدہ کا حکم فرشتوں کے  ساتھ ابلیس کو بھی دیا گیا تھا، اسی لیے اس سورت کی جو آیات ابھی آپ نے پڑھی ہیں، جن سے بظاہر اس حکم کا فرشتوں کے لیے مخصوص ہونا معلوم ہوتا ہے، اس کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ اصالۃ ً یہ حکم فرشتوں کو دیا گیا، مگر ابلیس بھی چونکہ فرشتوں کے اندر موجود تھا، اس لیے  تبعًا وہ بھی اس حکم میں شامل تھا، کیونکہ آدم علیہ السلام کی تعظیم وتکریم کے لیے جب اللہ تعالیٰ کی بزرگ ترین مخلوق فرشتوں کو حکم دیا گیا تو دوسری مخلوق کا تبعًا اس حکم میں شامل ہونا بالکل ظاہر تھا، اسی لیے ابلیس نے جواب میں یہ نہیں کہا کہ مجھے سجدہ کاحکم دیا ہی نہیں گیا تو عدمِ  تعمیل کا جرم مجھ پر عائد نہیں ہوتا۔ (معارف القرآن : ۵/۲۹۹)

امید ہے کہ درج بالا تفصیلات سے آپ کا تذبذب دور ہوجائے گا۔

وَإِذْ قُلْنَا لِلْمَلَائِكَةِ اسْجُدُوا لِآدَمَ فَسَجَدُوا إِلَّا إِبْلِيسَ كَانَ مِنَ الْجِنِّ فَفَسَقَ عَنْ أَمْرِ رَبِّهِ أَفَتَتَّخِذُونَهُ وَذُرِّيَّتَهُ أَوْلِيَاءَ مِنْ دُونِي وَهُمْ لَكُمْ عَدُوٌّ بِئْسَ لِلظَّالِمِينَ بَدَلًا۔ (سورہ کہف، آیت ٥٠)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
18 ربیع الآخر 1445

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں