پیر، 23 جنوری، 2023

عقیقہ میں ساتواں دن کون سا ہوگا؟

سوال :

مفتی صاحب بچے کی پیدائش بروز اتوار صبح 9:45 کو ہوئی ہے 7 دن کب ہوگا؟ عقیقہ کرنا ہے۔ ہماری رہنمائی فرمائیں۔ شکریہ
(المستفتی : زاہد اختر، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : اگر نومولود کی ولادت مغرب یعنی غروب آفتاب سے پہلے ہوئی ہے تو یہ دن شمار ہوگا، مثلاً اگر نومولود کی پیدائش جمعرات کے دن غروب آفتاب سے پہلے ہوئی ہے تو جمعرات کا دن شمار ہوگا اور ساتواں دن بدھ ہوگا، لہٰذا بدھ کو عقیقہ کیا جائے گا۔ اور اگر جمعرات کے دن غروب آفتاب کے بعد (جسے شبِ جمعہ کہا جاتا ہے) ولادت ہوئی ہے تو پھر جمعرات کا دن شمار نہیں ہوگا بلکہ جمعہ کا دن شمار کیا جائے گا، اور آئندہ جمعرات کو ساتواں دن ہوگا، لہٰذا جمعرات کو عقیقہ کیا جائے گا۔

صورتِ مسئولہ میں چونکہ بچے کی پیدائش اتوار کے دن صبح میں ہوئی ہے۔ لہٰذا اس کا ساتواں دن سنیچر کو ہوگا اور سنیچر کو عقیقہ کیا جائے گا۔ لیکن اس بات کا خیال رہے کہ ساتویں دن کا اہتمام کرنا صرف مستحب ہے، فرض یا واجب نہیں، لہٰذا اس کے بعد بھی اگر عقیقہ کیا جائے تو عقیقہ ہوجائے گا۔

عن سمرۃ بن جندب رضي اللّٰہ عنہ قال: قال رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم : الغلام مرتہن بعقیقتہ، یذبح عنہ یوم السابع، ویسمي، ویحلق رأسہ۔ (سنن النسائي، کتاب العقیقۃ / باب متی یعقّ ۱؍۱۸۸)

عن بریدۃ رضي اللّٰہ عنہ أن النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال : العقیقۃلسبع، أو أربع عشرۃ، أو إحدی وعشرین۔ (إعلاء السنن، کتاب الذبائح / باب أفضلیۃ ذبح الشاۃ في العقیقۃ،  ۱۷؍۱۱۸، إدارۃ القرآن کراچی)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
30 جمادی الآخر 1444

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں