ہفتہ، 19 نومبر، 2022

نماز میں ٹوپی گرجائے تو کیا کرے؟

سوال :

کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان شرع متین درمیان مسئلہ ھذا کے کہ نماز میں اگر ٹوپی گر جائے تو کیا کرنا چاہیے؟ نماز اسی طرح مکمل کرنا چاہیے یا اسے پہن لینا چاہیے؟ رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : انصاری شکیب، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : نماز کی حالت میں اگر ٹوپی گِر جائے تو قیام اور رکوع کی حالت میں اسے اٹھاکر پہننا تو درست نہیں ہے۔ اس لیے کہ اس صورت میں عملِ کثیر ہوجائے گا، یعنی دیکھنے والے کو ایسا لگے گا کہ یہ نماز نہیں پڑھ رہا ہے، اور عمل کثیر کی وجہ سے نماز فاسد ہوجاتی ہے۔ لہٰذا رکوع اور قیام کی حالت میں ٹوپی اٹھا کر نہیں پہننا چاہیے۔ البتہ سجدہ اور قعدہ کی حالت میں ایک ہاتھ سے عملِ قلیل کے ذریعہ ٹوپی اٹھا کر پہننا جائز ہی نہیں، بلکہ افضل ہے۔ اور اگر ٹوپی نہ پہنے تب بھی نماز ہوجائے گی۔

أَنَّ مَا يُعْمَلُ عَادَةً بِالْيَدَيْنِ كَثِيرٌ وَإِنْ عُمِلَ بِوَاحِدَةٍ كَالتَّعْمِيمِ وَشَدِّ السَّرَاوِيلِ وَمَا عُمِلَ بِوَاحِدَةٍ قَلِيلٌ وَإِنْ عُمِلَ بِهِمَا كَحَلِّ السَّرَاوِيلِ وَلُبْسِ الْقَلَنْسُوَةِ وَنَزْعِهَا إلَّا إذَا تَكَرَّرَ ثَلَاثًا مُتَوَالِيَةً۔ (شامی : ١/٦٢٥)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
23 ربیع الآخر 1444

1 تبصرہ:

بوگس ووٹ دینے کا حکم