جمعہ، 24 دسمبر، 2021

شرکاء اردو کتاب میلہ سے چند گذارشات

قارئین کرام ! شہر عزیز میں اردو کتاب میلہ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ہمارا اب تک یہاں جانا نہیں ہوا ہے، لیکن اخبارات کے ذریعے علم ہورہا ہے کہ بڑی تعداد میں شہر وبیرون شہر کے قارئین جوق در جوق یہاں پہنچ رہے ہیں اور اپنے ذوق وشوق کے مطابق کتابیں خرید رہے ہیں۔ اس مضمون میں شرکاء اردو میلہ سے چند گذارشات کی گئی ہیں، نیز دینی کتابوں کے سلسلے میں بھی مختصر رہنمائی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

محترم قارئین ! کتاب میلے میں جانے والوں میں ایک بڑی تعداد ان لوگوں کی بھی ہوتی ہے جو صرف اسے تفریح گاہ سمجھ کر شرکت کرتے ہیں، ورنہ انہیں کتابوں سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ چنانچہ یہ لوگ میلہ میں صرف بھیڑ کرنے کے لیے جاتے ہیں اور خالی ہاتھ واپس آجاتے ہیں، ایسے لوگوں سے درخواست ہے کہ کتاب میلہ کو تفریح گاہ نہ سمجھیں، بلکہ یہاں پہنچ اپنے ذوق کے مطابق دو چار کتابیں ضرور خریدیں اور گھر لاکر اس کا مطالعہ بھی کریں۔

ایک طبقہ ان لوگوں کا ہوتا ہے جو صرف ماحول کی وجہ سے کتابیں خرید لیتے ہیں، اور گھر لے جاکر کچھ دن طاق کی زینت بناتے ہیں پھر اسے اٹھاکر قبرستان میں اس جگہ ڈال دیتے ہیں جہاں دینی کتابوں کے بوسیدہ اوراق جمع کیے جاتے ہیں، جس کا ہم بآسانی مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ ایسے لوگوں سے التجا ہے کہ براہ کرم کتابوں کے ساتھ ایسا ظلم نہ کریں، کتابیں خریدی ہیں تو ان کا مطالعہ بھی لازمی ہو۔ اور جب خود مطالعہ کرلیں اور پھر بعد میں اس کے پڑھنے کی ضرورت نہ ہوتو پڑھنے والوں کو یہ کتابیں ہدیہ کردیں یا لائبریریوں میں جمع کرادیں جو آپ کے لیے صدقہ جاریہ ہوگا۔

جو لوگ پڑھنا نہیں جانتے یا پڑھنا بھی جانتے ہیں اور اللہ تعالیٰ انہیں مال سے بھی نوازا ہے تو انہیں چاہیے کہ ذوق وشوق رکھنے والوں کے ساتھ میلے میں جائیں اور ان کی ضرورت کی کتابیں خرید کر انہیں ہدیہ کردیں، بالخصوص ضرورت مند اور دلچسپی رکھنے والے علماء و طلبہ کے معاون بنیں خواہ دینی علوم کے طلبہ ہوں یا عصری علوم کے۔ یہ عمل اردو  کی خدمت کے ساتھ ساتھ بلاشبہ صدقہ جاریہ بھی ہوگا۔

متعدد متعلقین بندہ سے یہ پوچھ رہے ہیں کہ ہم کتاب میلہ سے کون سی کتابیں خریدیں اور اپنے مطالعہ میں رکھیں؟ چنانچہ بندے نے چند اہم اور مفید کتابوں کے نام بعض متعلقین کو ارسال کیے، پھر خیال ہوا کہ اس فہرست میں مزید اضافہ کرکے اسے شیئر کردیا جائے تاکہ اس کی افادیت کا دائرہ مزید وسیع ہو۔ اس فہرست میں زندگی کے ہر شعبہ جات سے متعلق کتابیں شامل کی گئی ہیں مثلاً سیرت، اصلاحی کتب، فقہی مسائل، قصص وواقعات اور تاریخ پر مشتمل کتابیں ہیں جس کا مطالعہ کرلینا ان شاء اللہ مرد وعورت دونوں کے لیے بڑا مفید ثابت ہوگا۔

سیرت کے موضوع پر چند کتابیں ہیں جن میں بعض مختصر اور بعض مفصل ہیں، لہٰذا اپنے ذوق کے مطابق آپ یہ کتابیں خرید سکتے ہیں۔

سیرۃ النبی، سات جلدیں
علامہ شبلی نعمانی/مولانا سید سلیمان ندوی

سیرت النبی قدم بقدم۔ دو جلد
عبداللہ فارانی

سیرت مصطفی دو جلدیں
مولانا ادریس کاندھلوی

رحمت عالم
سید سلیمان ندوی

الرحیق المختوم
صفی الرحمن مبارکپوری

کتاب المسائل، پانچ جلدیں
مفتی سلمان منصور پوری

سنن وآداب
مولانا ابوبکر ابن مصطفی پٹنی

اولاد کی تربیت قرآن و حدیث کی روشنی میں
احمد خلیل جمعہ

آنسوؤں کا سمندر
مولانا امداد اللہ انور

دور حاضر کے فتنے اور ان کا علاج
مولانا یوسف بنوری رحمہ اللہ

خدمت والدین
مولانا امداد اللہ انور

حقوق العباد
مولانا اشرف علی تھانوی

تاریخ اسلام، تین جلد
مولانا اکبر شاہ نجیب آبادی

حقوق العباد اور معاملات
افادات مفتی تقی عثمانی

غم نہ کریں
ڈاکٹر عائض القرنی

نمونے کے انسان
مولانا اعجاز اعظمی

تہجد گزار بندے
مولانا اعجاز اعظمی

ترک ناداں سے ترک دانا تک
مفتی ابولبابہ شاہ منصور

قصص الانبیاء
ابن کثیر رحمہ اللہ

کتابوں کی لائبریری میں
مولانا ہارون معاویہ

عشق مجازی کی تباہ کاریاں
ابن جوزی رحمۃ اللہ علیہ 

مسلمانوں کے سائنسی کارنامے
محمد زکریا ورک

امید ہے کہ میلہ میں شرکت کرنے والے ان باتوں کا خیال رکھیں گے۔ اور اپنے اوقات اور مال کو صحیح مصرف میں خرچ کریں گے۔

اللہ تعالٰی ہم سب علم نافع سیکھنے، سکھانے اور اس میں معاون بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین

3 تبصرے:

  1. MashaAllah
    Allah Paak ko behtreen Jazaekhair ataa farmaye, aur ajar-e-azeem se nawaze
    Aameen ya rabbal aalameen

    جواب دیںحذف کریں
  2. بہت مختصر فہرست تھی۔
    خیر اس کے لیے بھی بہت بہت شکریہ جناب 💐

    جواب دیںحذف کریں

بوگس ووٹ دینے کا حکم