سوال :
مفتی صاحب ! کبھی کبھار سڑکوں پر حادثہ ہو جاتا ہے اچانک موٹر سائیکل کے نیچے مرغی آجاتی ہے اور مرجاتی ہے پھر مالک مرغی کی قیمت وصول کرتا ہے یا کوئی گاڑی سے زخمی ہوجاتا ہے تو گاڑی والے سے پیسہ وصول کیا جاتا ہے تو کیا یہ جرمانہ کا پیسہ لینا جائز ہے؟ رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : لئیق احمد، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : موٹر سائیکل وغیرہ سوار کی غلطی سے اگر کسی کا جانی یا مالی نقصان ہوجائے تو نقصان کے بقدر اس سے رقم کا مطالبہ کرنا شرعاً جائز اور درست ہے۔
دارالعلوم دیوبند کا فتوی ہے :
اگر کسی کی گاڑی سے اکسیڈینٹ ہوگیا ہے اور اس کی غلطی ہے تو بطور دیت گاڑی والے سے جرمانہ لے سکتے ہیں۔ (رقم الفتوی :37201)
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں اگر غلطی گاڑی والے کی ہے تو پھر اس سے مرنے والی مرغی کی قیمت یا زخمی کے علاج ومعالجہ کا خرچ وصول کرنا جائز ہے۔ اور اگر غلطی گاڑی والے کی نہیں ہے تو پھر اس سے ہونے والے نقصان کی تلافی کروانا جائز نہیں ہے۔
وَلَوْ أَتْلَفَ مَالَ غَيْرِهِ بِلَا سَبْقِ إيدَاعٍ أَوْ إقْرَاضٍ ضَمِنَ بِالْإِجْمَاعِ۔ (شامی : ۶/۱۴۶)
الضمانات تجب لہا بأخذ أو بشرط۔ (قواعد الفقہ : ۸۹)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
20 ذی الحجہ 1442
جزاک اللہ خیرا و احسن الجزاء
جواب دیںحذف کریں