اتوار، 18 جولائی، 2021

عرفہ کا روزہ کس تاریخ کو رکھا جائے؟

سوال :

کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان شرع متین درمیان مسئلہ ھذا کے کہ عرفہ کے روزے کا تعین کس طرح کیا جائے گا، مقامی اعتبار سے یا سعودی عرب کے وقت کے مطابق ہو سکتا ہے؟ جواب عنایت فرمائیں۔
(المستفتی : ڈاکٹر اقبال، بمبئی)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : عرفہ کا روزہ بڑی فضیلت رکھتا ہے جیسا کہ حدیث شریف میں آتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے عرفہ کے روزے کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا : یہ گذرے ہوئے اور آنے والے سال کے (صغیرہ) گناہوں کاکفارہ ہے۔ (١)

اس روزے کی تاریخ سے متعلق تین چار سالوں سے پہلے تک کوئی اختلاف نہیں پایا جاتا تھا، لیکن سوشل میڈیا کے اس دور میں جبکہ ہر رطب ویابس مضامین اور تبصرے منٹوں میں پوری دنیا میں پھیل جاتے ہیں، انہیں میں سے ایک بے سر وپیر کی رائے بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی جس میں یہ کہا گیا تھا کہ عرفہ کا روزہ اس دن رکھا جائے جس دن وقوف عرفہ ہوتا ہے خواہ یہ تاریخ ہندوستان کی رویت کے اعتبار سے آٹھ یا سات ذی الحجہ کیوں نہ ہو۔

بلاشبہ یہ ایک باطل تحریر تھی، کیونکہ جس طرح ہم دیگر عبادات اور تہوار اپنے ملک کی رویت ہلال کے اعتبار سے انجام دیتے ہیں اسی طرح یوم عرفہ (نو ذی الحجہ) کا اعتبار بھی علاقے کے چاند کے اعتبار سے ہوگا۔ جیسا کہ حدیث شریف میں آیا ہے کہ چاند دیکھ کر روزہ رکھنا شروع کرو اور چاند دیکھ کر عید مناؤ۔ (٢)

اس سلسلے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اگر دیگر علاقوں کے لیے بھی سعودی عرب کی نو تاریخ کا اعتبار ہوتا تو جن علاقوں میں سعودی سے ایک دن پہلے چاند نظر آتا ہے کیا وہ لوگ بقرعید کے دن عرفہ کا روزہ رکھیں گے؟ لہٰذا ہر عبادات کی طرح ہم عرفہ کا روزہ بھی اپنے علاقے کے چاند کے اعتبار سے یعنی نو ذی الحجہ کو رکھیں گے۔

نوٹ : امسال سنہ ہجری 1445، سنہ عیسوی 2024 میں عرفہ کا روزہ ہندوستان میں اتوار کے دن بتاریخ 16 جون کو رکھا جائے گا۔

١)یُكفِّرُ السنةَ الماضيةَ والباقيةَ۔ (صحيح مسلم،رقم : 1162)

صوموا لرؤيَتِهِ وأفطِروا لرؤيتِهِ ، فإنْ غبِّيَ عليكم فأكملوا عدةَ شعبانَ ثلاثينَ۔ (صحيح البخاري، رقم : 1909)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
07 ذی الحجہ 1442

11 تبصرے:

  1. جزاک اللہ خیرا و احسن الجزاء

    جواب دیںحذف کریں
  2. مفتی صاحب عرفہ کا روزہ کتنا ہوتا ہے ؟

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. عرفہ کا ایک روزہ ہوتا ہے۔

      واللہ تعالٰی اعلم

      حذف کریں
    2. جزاکم اللہ خیرا و احسن الجزاء فی الدارین اللہ ربّ العزت آپ کے علم میں مزید اضافہ فرمائیں آمین

      حذف کریں
  3. مفتی صاحب السلام علیکم

    مفتی صاحب رات کو ہمبستری ہوجائے اور تھکان کی واجہ سے سحری میں انکھ نہ کھلے تو بغیرسحری کے نفل روزہ رکھ سکتے ہیں?

    جلد از جلد جواب دیں کر شکریہ کا موقع دیں

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. جی ہاں

      بغیر سحری کے روزہ رکھنا درست ہے۔

      واللہ تعالٰی اعلم

      حذف کریں
  4. جزاک اللہ خیرا و احسن الجزاء

    جواب دیںحذف کریں
  5. عرفہ کے روزے کے ساتھ ایک دن آگے یا پیچھے روزہ ملانا ضروری ہے؟

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. آگے کہاں ملائیں گے؟ بقرعید کو گوشت نہیں کھائیں گے ؟ روزہ رکھیں گے؟

      بقرعید کو تو روزہ رکھنا ہی منع ہے۔

      یہ آگے پیچھے ملانے والی بات صرف دس محرم یعنی عاشوراء کے روزی کی ہے، ہر جگہ یہی دماغ نہیں لگانا ہے۔

      عرفقہ کا صرف ایک روزہ ہے، نو ذی الحجہ کا۔

      اتنا واضح جواب لکھنے کے بعد بھی لوگ حماقت کرتے رہتے ہیں، اندھیر ہے۔

      حذف کریں
  6. مفتی صاحب ذرا قربانی کی دعاء بھی تحریر فرمائیں بڑی نوازش ہوگی

    جواب دیںحذف کریں

بوگس ووٹ دینے کا حکم