پیر، 1 مارچ، 2021

آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے ذکرِ مبارک پر درود پڑھنے کا حکم

سوال :

مفتی صاحب! ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کسی ایسی حدیث یا واقعہ جسے ایک مجلس میں پڑھا، لکھا، کہا یا سنا جائے اور اُس میں آپ ﷺ کے إسم مبارک اور آپ ﷺ کی طرف لوٹنے والی ضمیر شخصی (وہ، آپ، اُن، اُنہوں وغیرہ) کی تکرار ہوتی ہو، تو ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر درودِ پاک پڑھنے اور لکھنے کا کیا حکم ہے؟ گزارش ہے کہ مفصل جواب تحریر فرما دیں۔
(المستفتی : توصیف احمد، مالیگاؤں)
-----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : جس شخص کے سامنے ہمارے نبی جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا ذکرِ مبارک ہو اور وہ درود شریف کا نذرانہ پیش نہ کرے وہ حد درجہ محروم شخص ہے۔

ایک روایت میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
رَغِمَ اَنْفُ رَجُلٍ ذُکِرْتُ عِنْدَہٗ فَلَمْ یُصَلِّ عَلَیَّ۔
اس شخص کی ناک رگڑی جائے جس کے سامنے میرا تذکرہ ہو پھر وہ مجھ پر درود نہ بھیجے۔ (ترمذی)

حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا : جو شخص میرا ذکر آنے پر درود پڑھنے سے چوک جائے وہ جنت کے راستے سے چوک جانے والا ہوگا۔ (الترغیب والترہیب : ۳۸۴)

حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دن میں نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا، تو آپ نے ارشاد فرمایا کہ : کیا میں تمہیں لوگوں میں سب سے بڑے بخیل کے بارے میں نہ بتاؤں؟ صحابہ نے عرض کیا کہ: اے اللہ کے رسول! کیوں نہیں؟ (یعنی ضرور بتلائیے) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ : جس کے سامنے میرا ذکر ہو اور وہ مجھ پر درود نہ پڑھے وہ لوگوں میں سب سے بڑا بخیل ہے۔ (الترغیب والترہیب : ۳۸۵)

درج بالا روایات کی بنا پر حضراتِ فقہاء ومحدثین نے کسی مجلس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکرِ مبارک ہونے پر کم از کم ایک مرتبہ درود شریف  پڑھنا واجب اور ہر مرتبہ پڑھنا مستحب لکھا ہے۔

معلوم ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے ذکر مبارک کے وقت خواہ وہ کسی بھی طرح ہو ایک مرتبہ درود شریف پڑھنا واجب ہے، اور ہر مرتبہ پڑھنا مستحب ہے۔ نیز اگر کوئی تحریر لکھی جارہی ہے اور اس میں آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا ذکرِ مبارک ہوتو اس وقت بھی ایک مرتبہ درود شریف زبانی پڑھنا واجب ہے، لکھنا واجب نہیں۔ البتہ لکھ لینا بہتر ہے، بلکہ ہر مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے نام درود لکھنا زیادہ برکت اور ثواب کا باعث ہے۔

قال الشامی : مُقْتَضَى الدَّلِيلِ افْتِرَاضُهَا فِي الْعُمْرِ مَرَّةً، وَإِيجَابُهَا كُلَّمَا ذُكِرَ، إلَّا أَنْ يَتَّحِدَ الْمَجْلِسُ فَيُسْتَحَبُّ التَّكْرَارُ بِالتَّكْرَارِ۔ (شامی : ١/٥١٧)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
16 رجب المرجب 1442

4 تبصرے:

  1. اللهم صل وسلم علی نبينا محمد...... جزاکم اللہ خیراً کثیرا

    جواب دیںحذف کریں
  2. اللہم صل علی محمد کما تنبغی الصلوۃ علیہ
    جزاک اللہ خیرا مفتی صاحب 🌹🌹💐💐🌷🌷🌺🌺
    توصیف اشتیاق

    جواب دیںحذف کریں
  3. اللھم صل علٰی سیدنا محمد و بارک و سلم علیہ

    جواب دیںحذف کریں
  4. یَا رَبِّ صَلِّ و سَلِّم دائماً ابداً علی حبیبِک خیرالخلقِ کلِّھم

    جواب دیںحذف کریں

بوگس ووٹ دینے کا حکم