منگل، 13 اکتوبر، 2020

ماہِ ربیع الاول کی مبارکباد دینا

سوال :

مفتی صاحب! اس پوسٹ کی کیا حقیقت ہے؟ برائے مہربانی وضاحت فرمائیں۔

مبارک ہو
ربیع الاول کا مہینہ شروع ہونے والا ہے حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا جس نے سب سے پہلے ربیع الاول کی مبارک دی اس پر جنت واجب ہوگئی، جس طرح سے لوگ نئے سال کے میسیج کرتے ہیں دیکھتے ہیں یہ میسیج کون اور کتنے لوگوں کو بھیجتے ہیں۔
(المستفتی : محمد عمران، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : کسی بھی مہینے (خواہ ربیع الاول ہو یا اور کوئی) کی مبارکباد دینا اور اس پر جنت کے واجب ہونے کی فضیلت کسی بھی حدیث شریف سے ثابت نہیں ہے۔ یہ موجودہ دور کی من گھڑت باتوں میں سے ہے، اور سوشل میڈیائی پیداوار ہے۔ ایسی چیزوں کا کوئی تعلق اسلام سے نہیں ہے۔ قصداً اس کا پھیلانا اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنانا ہے، اس لئے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کا واضح ارشاد موجود ہے کہ جو شخص مجھ پر جھوٹ باندھے تو وہ اپنا ٹھکانہ جہنم میں بنا لے۔ یعنی میری طرف منسوب کرکے ایسی کوئی بات بیان کرے جو میں نے نہیں کہی ہے اس کا ٹھکانہ جہنم ہوگا۔

چنانچہ ہم سب پر ضروری ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کی طرف منسوب کوئی بھی بات بلاتحقیق بیان نہ کریں۔ لہٰذا خود بھی اس من گھڑت پوسٹ کے پھیلانے سے اجتناب کریں اور بقدر استطاعت دوسروں کو بھی روکنے کی کوشش کریں۔

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَنْ کَذَبَ عَلَيَّ مُتَعَمِّدًا فَلْيَتَبَوَّأْ مَقْعَدَهُ مِنْ النَّارِ۔ (صحیح البخاری، رقم : ١١٠)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
25 صفر المظفر 1442

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

بوگس ووٹ دینے کا حکم