جمعہ، 11 ستمبر، 2020

لیٹ کر نماز پڑھنے والے کے قبلہ رُخ کا مسئلہ

سوال :

مریض جو کہ فریکچر کے سبب لیٹ کر اشارے سے نماز پڑھ رہے ہیں نماز کے لئے قبلہ رُخ کس طرح سے انکو رکھا جائے؟
(المستفتی : مبین ایم فارم، مالیگاؤں)
----------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : جو شخص کسی طرح بھی بیٹھنے پر قادر نہ رہے یعنی تکیہ وغیرہ کے سہارے سے بھی بیٹھ نہ سکے تو ایساشخص لیٹ کر اشارہ سے نماز پڑھے گا، اور اس کے لئے درج ذیل دو طرح کی ہیئت اپنانا درست ہے :

1) افضل یہ ہے کہ پیر قبلہ کی طرف کرکے گھٹنے کھڑے کرلے اور سر کے نیچے تکیہ لگادیا جائے، تاکہ چہرہ قبلہ کی طرف ہوجائے اور پھر گردن کے اشارہ سے نماز ادا کرے۔

۲) دوسری صورت یہ ہے کہ مریض کو کروٹ پر لٹاکر اس کا چہرہ قبلہ کی طرف کردیا جائے اور دائیں کروٹ پر لٹانا افضل ہے۔

وإن تعذر القعود ولو حکماً أومأ مستلقیاً علیٰ ظہرہ ورجلاہ نحو القبلۃ غیر أنہ ینصب رکبتیہ لکراہۃ مد الرجل إلی القبلۃ ویرفع رأسہ یسیراً لیصیر وجہہ الیہا، أو علیٰ جنبہ الأیمن أو الأیسر ووجہہ إلیہا والأول أفضل علی المعتمد (درمختار) وفی الشامی: والأیمن أفضل وبہ ورد الأثر۔ (شامی زکریا ۲؍۵۶۹، بیروت ۲؍۴۹۷، بدائع الصنائع زکریا ۱؍۲۸۴، فتح القدیر زکریا ۲؍۴-۵، شرح وقایہ ۱؍۱۹۰، عالمگیری ۱؍۱۳۶، ہدایہ ۱؍۱۶۱، البحر الرائق ۲؍۲۰۱/بحوالہ کتاب المسائل)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
22 محرم الحرام 1442

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

بوگس ووٹ دینے کا حکم