اتوار، 29 دسمبر، 2019

حج سے پہلے عمرہ کرنے کا حکم

*حج سے پہلے عمرہ کرنے کا حکم*

سوال :

کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان شرع متین درمیان مسئلہ ھذا کے کہ حج کرنے سے پہلے اگر کوئی عمرہ کرلے تو کیا اس پر حج کرنا فرض ہوجاتا ہے؟ مفصل جواب عنایت فرمائیں اور عنداللہ ماجور ہوں۔
(المستفتی : محمد اسعد، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : سب سے پہلے یہ سمجھ لیا جائے کہ حج فرض ہونے کے لیے کسی مخصوص نصاب کا مالک ہونا ضروری نہیں، بلکہ حج کے لیے جانے کی استطاعت ہونی چاہیے۔ اور استطاعت ہونے سے مراد یہ ہے کہ  حج کا سفرخرچ اور جن لوگوں  کی  کفالت اس شخص پرضروری ہے، سفر سے واپس آنے تک ان کے گذر بسر کا خرچ نکل سکے اتنے روپئے حج کے مہینوں  میں یا  حجاج کے قافلے حج کے لئے جن دنوں میں جاتے ہیں ان دنوں میں مذکورہ خرچ پاس میں موجود ہو تب  حج  فرض ہو گا۔ چنانچہ اگر عمرہ اور حج کے اخراجات کا موازنہ کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ حج کے اخراجات عمرہ سے کئی گنا زیادہ ہیں، لہٰذا اگر کسی پر حج فرض نہیں ہوا ہے، لیکن اس کے پاس عمرہ کرنے کی استطاعت ہے تو اس کا حج سے قبل عمرہ کرنا بلا کراہت جائز اور درست ہے، نیز عمرہ کے لئے حج کی تقدیم شرط نہیں ہے، بلکہ جب چاہے عمرہ کرسکتا ہے۔

قال اللہ تعالیٰ : وَلِلّٰہِ عَلَی النَّاسِ حِجُّ الْبَیْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ اِلَیْہِ سَبِیْلاً۔ (سورہ آلِ عمران : ۹۷)

عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ : جَاءَ رَجُلٌ إِلَى النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ، مَا يُوجِبُ الْحَجَّ ؟ قَالَ : " الزَّادُ، وَالرَّاحِلَةُ۔ (سنن الترمذي، رقم : ۸۱۳)

الحج واجب علی الأحرار البالغین العقلاء الأصحاء إذا قدروا علی الزاد والراحلۃ فاضلا عن المسکن وما لابد منہ، وعن نفقۃ عیالہ إلی حین عودہ۔ الخ (ہدایۃ، کتاب الحج، أشرفیہ دیوبند ۱/ ۲۳۱-۲۳۳)

العمرۃ في العمر مرۃ سنۃ مؤکدۃ، وتحتہ في الشامیۃ: وأنہا لا وقت لہا معین۔ (درمختار مع الشامیۃ، کتاب الحج، مطلب أحکام العمرۃ، زکریا ۳/ ۴۷۵-۴۷۶)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
02 جمادی الاول 1441

1 تبصرہ:

  1. اَلْسَّـــــــلَاٰمُ عَلَيــْــكُم وَرَحْمَةُاللّهِ وَبَرَكـَـاتُهُ!
    ماشاء اللہ، مذکور بالا مسئلہ خواص اور عوام میں کافی مقبول ہے اور اچھے خاصے علم رکھنے والے حضرات آج تک بھی یہی غلط فہمی پالے ہوئے ہیں کے حج سے پہلے عمرہ ممنوع ہے۔
    حضرت کی تحریر نے اسکا تشفی بخش جواب دیا ہے۔
    اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔
    آمین۔

    جواب دیںحذف کریں

بوگس ووٹ دینے کا حکم