جمعرات، 5 ستمبر، 2019

اللہ تعالٰی کے لیے جمع کا صیغہ استعمال کرنا

*اللہ تعالٰی کے لیے جمع کا صیغہ استعمال کرنا*

سوال :

مفتی صاحب کیا اللہ تعالیٰ کے لیے جمع کا صیغہ استعمال کرنا غلط ہے؟ جیسے کوئی یہ کہے کہ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں : کیا اس سے اللہ تعالیٰ کی توحید پر کوئی اثر ہوگا؟ ایک مضمون پڑھنے میں آیا ہے اس میں لکھا ہے کہ شانِ توحید کا تقاضا یہ ہے کہ ایسے کہا جائے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے، وہ مضمون آپ کو ارسال کرتا ہوں۔ براہ کرم مدلل جواب ارسال فرماکر تشویش دور فرمائیں۔
(المستفتی : حامد اختر، مالیگاؤں)
------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : اللہ تبارک وتعالیٰ کے لیے واحد اور جمع دونوں صیغے استعمال کرسکتے ہیں، صیغۂ واحد کے استعمال کا درست ہونا تو ظاہر ہے۔ رہا صیغۂ جمع تو وہ تعظیماً وادباً بولا جاتا ہے، یہاں جمع سے مراد واحد ہی ہے جمع کثرت قطعاً نہیں ہے،اِس سے معاذ اللہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی اور کو شریک کرنے کا وہم وخیال بھی ذہن میں نہیں آتا۔ خود اللہ تعالیٰ نے بھی قرآن کریم میں متعدد جگہوں پر اپنے لیے جمع کا صیغہ استعمال فرمایا ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے :
إنا أعطینٰک الکوثر۔
ترجمہ : بے شک ہم نے آپ کو کوثر عطا فرمایا۔

إنا أنزلناہ في لیلۃ القدر۔
ترجمہ : بے شک ہم نے قرآن شریف کو شبِ قدر میں اتارا۔

ونحن أقرب إلیہ من حبل الورید۔
ترجمہ : بے شک ہم انسان کی رگِ گردن سے بھی زیادہ قریب ہیں۔

لہٰذا "اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں" کہنا صحیح ہے، اسے غلط کہنا بلا دلیل ہے، چنانچہ ماضی قریب کے اکابر مفتیان میں سے مفتی اعظم مفتی کفایت اللہ، فقیہ النفس مفتی محمود حسن گنگوہی، حضرت مولانا مفتی یوسف لدھیانوی رحمہم اللہ نے اس مسئلے کو اپنے فتاوی میں لکھا ہے جس میں اللہ رب العزت کے لیے صیغۂ جمع کے استعمال کو درست کہا گیا ہے۔

تشفی کے لیے دیکھیں : کفایت المفتی : ١/١١٥، فتاویٰ محمودیہ : ۳/۲۹ ، آپ کے مسائل اور اُن کا حل :۱/۷۱، تخریج شدہ جدید ایڈیشن)

قال اللہ تعالیٰ : إنا نحن نزّلنا الذکر وإنا لہ لحافظون۔ (سورۃ الحجر : ۹)

فأما قولہ : (إنا نحن نزّلنا الذکر) فہذہ الصیغۃ وإن کانت للجمع إلا أن ہذا من کلام الملوک عند إظہار التعظیم فإن الواحد منہم إذا فعل فعلا أو قال قولا قال : ’’ إنا فعلنا کذا ، وقلنا کذا ‘‘ ، فکذا ہہنا ۔ (التفسیر الکبیر للرازي، ۷/۱۲۳، الحجر: ۹)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
05 محرم الحرام 1441

4 تبصرے:

  1. ماشاءاللہ آج صبح ہی ایک شخص سے بات کرتے ہوئے میں جمع کا صیغہ استعمال کیا تو اس نے فوراً ٹوکا میں نے سمجھایا لیکن وہ مانا

    جواب دیںحذف کریں
  2. اللہ تعالیٰ آپ کی اس محنت کا بہترین صلہ دونوں جہاں میں عطا فرمائے آمین

    جواب دیںحذف کریں
  3. جزاکم اللہ خیرا و احسن الجزاء

    جواب دیںحذف کریں

بوگس ووٹ دینے کا حکم