*کتنے مال کے نقصان کی صورت میں نماز توڑنا جائز ہے؟*
سوال :
زید نے جماعت کی نماز میں نیت باندھی تو یاد آیا کہ اپنا قیمتی موبائیل وضو خانے پر ہی بھول آیا ہے۔ اندیشہ یہی ہے کہ بر وقت موبائیل نہیں اٹھایا گیا تو چوری ہوجائے گا۔
دریافت طلب امر یہ ہے کہ اس صورت میں زید اپنی نماز موقوف کرکے موبائیل حاصل کرلے یا پہلے نماز کی تکمیل کرے؟
بینوا وتوجروا۔
(المستفتی : حافظ اقبال، مالیگاؤں)
----------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : نماز بغیر کسی شرعی عذر کے فاسد کرنا جائز نہیں ہے۔ شرعی اعذار میں سے ایک عذر یہ ہے کہ نماز میں مشغول رہنے کی وجہ سے مصلی کا مالی نقصان ہورہا ہو، مثلاً اگر نماز کے دوران جیب سے کچھ پیسے گرجائیں اور کوئی دُوسرا شخص ان روپیوں کو اُٹھاکر لے جارہا ہو تو اس صورت میں نماز توڑ کر اپنا پیسہ حاصل کرنے کی گنجائش ہے۔ نیز وضو کے دوران وضوخانے میں اگر کوئی خاص چیز گھڑی، چشمہ یا موبائیل وغیرہ بھول جائے اور نماز کے دوران یاد آئے اور اس بات کا اندیشہ ہو کہ مذکورہ چیزیں چوری ہوجائیں گی تو اس صورت میں بھی نماز توڑنے کی اجازت ہے۔
مالی نقصان جس کی بنا پر نماز توڑنے کی گنجائش ہے اس کی مقدار فقہاء نے ایک درہم بیان کی ہے۔ یعنی ایک درہم کے بقدر نقصان ہو رہا ہو تو نماز توڑ دینا جائز ہے۔ خواہ نماز نفل ہو یا فرض۔ ایک درہم تقریباً ساڑھے تین گرام چاندی کا ہوتا ہے، جس کی قیمت آج کی تاریخ میں تقریباً دیڑھ سو روپے بنتی ہے۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں زید کا نماز توڑ کر اپنا موبائیل حاصل کرلینے کی گنجائش ہے۔ اس لئے کہ بلاشبہ موبائیل دیڑھ سو سے زائد قیمت کا ہی ہوگا۔
قال اللہ تعالیٰ : لا تبطلوا اعمالکم الایۃ۔ (سورۃ محمد، آیت : ۳۳)
قال شارح التنوير ويباح قطعها لنحو قتل حية وند دابة وفور قدر وضياع ما قيمته درهم له أو لغيره وقال إبن عابدين رحمه الله ( قوله وفور قدر ) الظاهر أنه مقيد بما بعده من فوات ما قيمته درهم سواء كان ما في القدر له أو لغيره رحمتي ( قوله وضياع ما قيمته درهم ) قال في مجمع الروايات لأن ما دونه حقير فلا يقطع الصلوة لأجله لكن ذكر في المحيط في الكفالة أن الحبس بالدانق يجوز فقطع الصلوة أولى وهذا في مال الغير وإما في ماله لا يقطع والأصح جوازه فيهما ا ه وتمامه في الإمداد والذي مشى عليه في الفتح التقييد بالدرهم۔ (شامی : ١/٦١٢)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
11 ذی القعدہ 1440
ماشاءﷲ
جواب دیںحذف کریں