پیر، 20 مئی، 2019

میت کے غم میں عید کے دن نیا کپڑا نہ پہننا

*میت کے غم میں عید کے دن نیا کپڑا نہ پہننا*

سوال :

زید کے گھر تیسرے روزے کو میت ہوئی تھی اور اب زید کے گھر والے عید کے دن نیا کپڑا پہننے سے انکار کر رہے ہیں تو کیا اس طرح کرنا درست ہے یا نہیں؟ رہنمائی فرمائیں۔
(المستفتی : لئیق احمد، مالیگاؤں)
----------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : بخاری شریف کی روایت میں ہے کہ جب ام المومنین ام حبیبہ رضی اللہ عنہا کے پاس ان کے والد کے انتقال کی خبر آئی تو انہوں نے خوشبو منگوا کر دونوں ہاتھوں پر ملی اور کہا کہ مجھے خوشبو کی کوئی حاجت نہ تھی اگر میں آنحضرت ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے نہ سنتی کہ کسی عورت کے لئے جو اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتی ہو یہ جائز نہیں ہے کہ سوائے شوہر کے کسی پر تین دن سے زیادہ سوگ منائے مگر شوہر کا سوگ چار مہینے دس دن تک منائے۔

درج بالا حدیث شریف کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا جائے تو صورتِ مسئولہ تعلیماتِ شرعیہ کے خلاف جارہی ہے، اس لئے کہ عیدین کے ایام تو فرحت وشادمانی کے ہیں، اس میں غیر شرعی اظہارِ غم واندوہ کی آمیزش کیسی؟ پس زید کے اہل خانہ کا عید کے دن نئے کپڑے پہننے سے انکار کرنا شرعاً درست نہیں ہے، اس لئے کہ یہ سوگ ہے، اور شریعتِ کاملہ میں سوگ کی اجازت تین دن سے زیادہ نہیں ہے، لہٰذا زید کے اہل خانہ کو چاہیے کہ وہ اس فاسد ارادہ کو ترک کردیں، اور سنت و شریعت کے مطابق عید منائیں۔

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ کَثِيرٍ عَنْ سُفْيَانَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي بَکْرِ بْنِ عَمْرِو بْنِ حَزْمٍ حَدَّثَنِي حُمَيْدُ بْنُ نَافِعٍ عَنْ زَيْنَبَ بِنْتِ أُمِّ سَلَمَةَ عَنْ أُمِّ حَبِيبَةَ بِنْتِ أَبِي سُفْيَانَ لَمَّا جَائَهَا نَعِيُّ أَبِيهَا دَعَتْ بِطِيبٍ فَمَسَحَتْ ذِرَاعَيْهَا وَقَالَتْ مَا لِي بِالطِّيبِ مِنْ حَاجَةٍ لَوْلَا أَنِّي سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ لَا يَحِلُّ لِامْرَأَةٍ تُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ تُحِدُّ عَلَی مَيِّتٍ فَوْقَ ثَلَاثٍ إِلَّا عَلَی زَوْجٍ أَرْبَعَةَ أَشْهُرٍ وَعَشْرًا۔(بخاری)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
14 رمضان المبارک 1440

2 تبصرے:

  1. Or agar Eid ki namaz padh kr Naya kapda change kr diye to?

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. اگر یہ عمل سوگ اور غم کی وجہ سے کیا جائے تو بلاشبہ یہ بھی درست نہ ہوگا۔ اور اگر سوگ کی وجہ سے نہ کیا جائے تو حرج نہیں۔

      حذف کریں