*نماز میں دوبارہ آیتِ سجدہ تلاوت کرلے*
سوال :
تراویح کی نماز میں ایک مرتبہ آیت سجدہ پڑھنے کے بعد سجدۂ تلاوت کرلیا گیا، پھر آگے پڑھتے ہوئے غلطی سے امام صاحب نے پھر وہی آیت سجدہ دہرا دی تو ایسے میں سجدۂ تلاوت پھر سے ادا کرنا پڑیگا؟ اور اگر دوبارہ امام صاحب نے سجدۂ تلاوت نہیں کیا تو کیا حکم ہے؟
(المستفتی : عبدالرحمن بھائی، مالیگاؤں)
----------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : صورتِ مسئولہ میں پہلا سجدہ کافی ہے، دوبارہ سجدہ کرنے کی ضروت نہیں، اسی طرح دوسری رکعت میں بھی یہی آیت پڑھ لی جائے تب بھی دوبارہ سجدہ کرنا واجب نہیں، پہلی رکعت کا سجدہ کافی ہوجائے گا، اس لئے کہ نماز مجلسِ واحد کے حکم میں ہے، اور ایک مجلس میں متعدد مرتبہ وہی آیتِ سجدہ تلاوت کی جائے یا سنی جائے تو ایک ہی سجدہ واجب ہوتا ہے، خواہ سجدہ کرلینے کے بعد دوبارہ یہی آیت پڑھی جائے، البتہ سلام پھیرنے کے بعد نماز کے باہر یا پھر دوسری نماز میں یہی آیت پڑھے گا تب دوسرا سجدۂ تلاوت واجب ہوگا، اس لئے کہ اس صورت میں مجلس تبدیل ہوجاتی ہے۔
ولو تلاھا فی رکعۃ فسجدھا ثم اعادھا فی تلک الرکعۃ لا تجب الثانیۃ کذا فی محیط السر خسی۔ (ہندیہ، ۱/ ۱۲۵)
واما اذا کرر التلاوۃ فی رکعتین ان یکفیہ سجدۃ واحدۃ وھو قول ابی یوسف الا خیر وفی لاا ستحسان یلزمہ‘ لکل تلاوۃ سجدۃ وھو قول ابی یوسف رحمہ اﷲ الاول وھو قول محمد وھذا من المسائل الثلاث التی رجع فیھا ابو یوسف رحمہ اﷲ عن الاستحسان الی القیاس الخ (بدائع الصنائع، ۱۸۲/١)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
14 رمضان المبارک 1440
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں