*دوسروں کے ڈیلیٹ کیے گئے میسج پڑھنے کی تدبیر کرنا*
سوال :
مفتی صاحب ! ایک مسئلہ پوچھنا تھا کہ انٹرنیٹ پر وھاٹس اپ اور فیس بُک کے لئے ایک نوٹوسیو (notisave) نامی ایسا ایپ موجود ہے جس کے ذریعے دوسروں کے ڈلیٹ فور ایوری وَن میسیجس پڑھے جاسکتے ہیں تو کیا اسکا استعمال جائز ہے؟ کیونکہ سامنے والا ڈلیٹ فور ایوری وَن میسیج آپشن اسی وقت یُوز کرتا ہے جبکہ اُس کے میسیج میں کچھ نہ کچھ خامی ہو یا وہ میسیج چھُپانا چاہتا ہے تو کیا اُس کے اِن میسیجس کو اس جیسے ایپ کے ذریعے پڑھنا جائز ہے؟
تشفّی بخش جواب دیکر عنداللہ ماجور ہوں ۔ جزاک اللہ خیرًا
(المستفتی : کامران حسان، مالیگاؤں)
------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : صورت مسئولہ میں ایسا کرنا شرعاً جائز نہیں ہے، اس لئے کہ ظاہر ہے کہ یہ میسج ارسال کرنے والے کی جاسوسی اور ٹوہ ہے، جبکہ قرآن کریم اور متعدد احادیث مبارکہ میں کسی کی جاسوسی اور ٹوہ میں رہنے سے منع فرمایا گیا ہے، ایسا کرنا سخت گناہ کا باعث ہے، لہٰذا ہر مسلمان کے لیے ایسے عمل سے اجتناب کرنا ضروری ہے۔
قال اللہ تعالٰی : یایہا الذین اٰمنوا اجتنبوا کثیرا من الظنّ ان بعض الظنّ اثم ولا تجسّسوا ولا یغتب بعضکم بعضًا۔ (سورۃ الحجرات :جزء آیت۱۲)
عن أبي ہریرۃ، عن النبي ﷺ قال : إیاکم والظنّ ، فإن الظنّ أکذب الحدیث ، ولا تحسّسوا ولا تجسّسوا ولا تحاسدوا ولا تباغضوا وکونوا عباد اللہ اخوانا ۔ (۲/۸۹۶ ، کتاب الأدب ، باب ما ینہی عن التحاسد والتدابر، صحیح بخاری)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
15 ربیع الآخر 1440
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں