*مسجد کا اصل جماعت خانہ پُر کیے بغیر فوقانی حصے میں صف لگانا*
سوال :
مسجد کے نچلے حصہ میں جماعت سے نماز ہوتی ہے جبکہ نیچے کے حصہ میں آخری صف خالی ہے اور اوپر پہلی منزلہ پر مکتب کے کم عمر طلباء کے ساتھ کچھ لوگ نماز ادا کرتے ہیں اور چھت پر کچھ معلم نماز ادا کرتے ہیں کیا دونوں منزلہ والوں کی نماز ہو جائے گی؟
تفصیلی جواب عنایت فرمائیں ۔
(المستفتی : محمد ابوذر، مالیگاؤں)
-----------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : صورت مسئولہ میں مسجد کے اصل حصے میں خالی جگہ ہونے کے باوجود فوقانی حصہ میں طلباء اوربعض مصلیان کا صف لگانا اورمعلمین کا چھت پرنماز پڑھنا اگرچہ بہتر نہیں ہے، لیکن اُن کی اقتداء درست ہوگی، کیونکہ فی زمانہ مائک یا مکبر سے امام کی حالت مقتدی حضرات پر مشتبہ نہیں ہوتی، بلکہ تمام ارکان کا علم بخوبی ہوتا رہتا ہے، لہٰذا اوپری حصے میں نماز پڑھنے والوں کی نماز ہوجائے گی، البتہ بہتر پرعمل کیا جائے کہ تحتانی حصہ پُر ہونے کے بعد ہی فوقانی حصہ میں صفیں لگائیں ۔
ولو قام علی سطح المسجد واقتدی بإمام في المسجد إن کان للسطح باب في المسجد ولا یشتبہ علیہ حال الإمام یصح الاقتداء، وإن اشتبہ علیہ حال الإمام لا یصح کذا في فتاوی قاضي خان أیضا۔ (الفتاویٰ الہندیۃ ۱؍۸۸)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
23 محرم الحرام 1440
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں