اتوار، 28 اکتوبر، 2018

بائیں ہاتھ میں انگوٹھی اور گھڑی پہننے کا حکم

*بائیں ہاتھ میں انگوٹھی اور گھڑی پہننے کا حکم*

سوال :

کیا فرماتے ہیں علماء دین ومفتیان شرع متین درمیان مسئلہ ھذا کے کہ انگوٹھی اور گھڑی بائیں ہاتھ میں پہننا کیسا ہے؟
کیا یہ یہودیوں اور شیعوں کا طریقہ ہے؟
براہ کرم مکمل مفصّل جواب عنایت فرمائیں اور عنداللہ ماجور ہوں ۔
(المستفتی : سفیان احمد، مالیگاؤں)
------------------------------------------
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب وباللہ التوفيق : انگوٹھی دائیں ہاتھ میں پہننا مسنون ہے، بائیں ہاتھ میں پہننا خلافِ سنت ہے۔

البتہ ہاتھ میں گھڑی پہننے کا رواج چونکہ خیر القرون مشہود لہا بالخیر میں نہیں تھا، اس لیے اس کے بارے میں قطعی کوئی شرعی حکم نہیں لکھا جاسکتا ہے۔ بائیں ہاتھ میں گھڑی پہننا یہودیوں اور شیعوں کا طریقہ ہے، یہ بات غلط ہے۔ اس لئے کہ وہ بائیں ہاتھ میں ہی پہنتے ہیں ایسا نہیں ہے۔ اگر بالفرض مان بھی لیا جائے تو یہ ان کے مذہبی شعار میں سے نہیں ہے کہ ان کی مخالفت کی جائے، اور گھڑی چونکہ کلائی میں ہوتی ہے اس لئے استنجاء کے وقت نجاست وغیرہ میں ملوث ہونا بھی نہیں پایا جاتا، لہٰذا گھڑی کو انگوٹھی پر قیاس کرنا درست نہیں ہے، دونوں کا حکم الگ الگ ہوگا ۔

دارالعلوم دیوبند کا فتوی ہے :
بائیں ہاتھ میں گھڑی باندھنے کی صورت میں زیادہ سہولت بتائی جاتی ہے، گھڑی کی بھی زیادہ حفاظت رہتی ہے، داہنا ہاتھ  چونکہ کام میں زیادہ استعمال ہوتا ہے اس لیے اس میں گھڑی غیرمحفوظ رہتی ہے، لہٰذا ایسی صورت میں بائیں ہاتھ میں باندھنے کی گنجائش ہے ۔

درج بالا تفصیلات سے بات واضح ہوجاتی ہے کہ گھڑی خواہ داہنے ہاتھ میں پہنے یا بائیں ہاتھ  میں، دونوں طریقے جائز اور درست ہیں، دائیں ہاتھ میں پہننے کو افضل تو کہا جاسکتا ہے، لیکن بائیں ہاتھ میں پہننے کو تشبہ بالیھود و الروافض کہنا صحیح نہیں ہے۔

عن أنس رضي اللّٰہ عنہ أن النبي صلی اللّٰہ علیہ وسلم کان یتختم في یمینہ۔ (سنن النسائي، کتاب الزینۃ / باب موضع الخاتم، رقم: ۵۲۹۳)فقط
واللہ تعالٰی اعلم
محمد عامر عثمانی ملی
4 شوال المکرم 1439

2 تبصرے:

  1. بہت خوب مفتی صاحب
    اپنی بھی عادت بائیں ہاتھ میں گھڑی پہننے کی ہے، سیدھا ہاتھ سچ میں زیادہ کام کرتا ہے اور اسے گھڑی سے خالی ہی رکھو تو بہتر معلوم ہوتا ہے..

    جواب دیںحذف کریں
  2. السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
    مفتی صاحب کیا انگھوٹھی کا نگ والا ہتھیلی کی سمت ہونا سنت ہے کیا

    جواب دیںحذف کریں